لاہور میں نثار حویلی موچی دروازہ سے برآمدہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس چوک نواب صاحب، پرانی کوتوالی، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار سے ہوتا ہوا سنہری مسجد کے سامنےپہنچا جہاں نمازظہرین اداکی گئی ۔جلوس کے راستے میں سبیلیں اورفرسٹ ایڈکیمپ لگائے گئے جبکہ سکیورٹی کے انتظامات بھی سخت تھے ،ہیلی کاپٹر سے جلوس کی فضائی نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جاتی رہی ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بھی روٹ کا دورہ بھی کیا ،جلوس کے شرکاشہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت کرتے رہے ۔ اندرون بھاٹی اونچی مسجدکے قریب شرکا نے نماز مغربین ادا کی، جس کے بعدجلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا جہاں شام غریباں بپا ہوئی۔