لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ چوتھے اور آخری روز پاکستان شاہینز کو جیت کیلئے 160 رنز اور بنگلہ دیش اے کو 6 وکٹیں درکار ہیں ، 296 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 136 رنز بنا لئے۔صاحبزادہ فرحان اور حسیب اللہ نے ٹیم کو 96 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا ، صاحبزادہ فرحان نے 68 رنز کی اننگز کھیلی ۔ کامران غلام اور عمر امین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔عرفان خان 15 رنز بنا سکے، حسیب اللہ 44 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بنگلہ دیش اے کے رجاء الرحمن راجہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش اے کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، محمود الحسن 65 اور ایچ ملا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں ، خرم شہزاد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔