لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا مختلف ممالک کے خریداروں نے رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونیوالی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ نا مساعد حالات کے باوجود عالمی نمائش کا انعقاد انتہائی مشکلات سے دوچار صنعت کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ ادارے عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان ،ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،سینئر رہنما ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر ، شاہد حسن شیخ ،سعید خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں غیر ملکی خریداروں سے ہونیوالے رابطوں اور عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ عثمان اشرف نے کہا ایک طرف وزیر اعظم برآمدات کو 3 سالوںمیں 60ارب ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کر رہے ہیں اور دوسری طرف ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جو برآمدات کے حجم کے سکڑنے کا باعث بن رہے ہیں۔
پی سی ایم ای اے کا ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے دلچسپی کا اظہار
Jul 29, 2024