آئی جی پنجاب نے پولیس شہداء کے بچوں کیلئے وظائف جاری کردیئے

Jul 29, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے تعلیم دوست ویژن کے سلسلے میں تاریخی اقدامات جاری ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہادر پولیس شہداء کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے مزید وظائف جاری کر دئیے ہیں۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع کے شہدا پولیس کے بچوں کو 1 کروڑ 25 لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف جاری کئے گئے ہیں، لاہور پولیس کے شہدا کے بچوں کو 20 لاکھ روپے کے تعلیمی سکالرشپس دئیے گئے جبکہ باقی وظائف دیگر اضلاع کے پولیس شہدا کی فیملیز کو جاری کئے گئے ہیں۔ پی ایچ پی، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، پنجاب کانسٹیبلری، سی ٹی ڈی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شہداء کی بچوں کو بھی تعلیمی وظائف دئیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنا رہے ہیں۔ رواں برس پولیس ملازمین کے بچوں کی ایجوکیشن ویلفیئر پر 100 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، پولیس کانسٹیبلری کے قابل اور ہونہار بچوں کو بیرون ملک تعلیم کیلئے فارن سکالرشپ بھی دی جا رہی ہیں، تعلیمی وظائف معروف درسگاہوں میں زیر تعلیم پولیس شہداء کے بچوں کے کیرئیر ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں