لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈویژنل افسران کی کارکردگی کے حوالے سے کی پرفارمنس انڈیکیٹرزپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ15کالزڈیٹا کے مطابق جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ 15کال موصول ہونے پر پولیس فورس بروقت ریسپانس اور کارروائی یقینی بنائے۔ حکومت پنجاب کے کے پی آئیز کی روشنی میں محکمہ پولیس کا ہر شعبہ اور افسر و اہلکار اپنی کارکردگی کو مطلوبہ اہداف کے مطابق بنائے اور لاہور پولیس جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے روایتی ورک کلچر سے چھٹکارا حاصل کرے۔ سپر وائزری افسران اپنی کمانڈبہتر سے بہتر بنائیں اور افسران ماتحت عملے کی کارکردگی جانچنے کیلئے فیلڈ دفاتر کے باقاعدگی سے وزٹس کریں۔ افسران محنت، جذبے اور لگن سے عوامی خدمت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے جرائم پیشہ عناصرکے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈسرچ آپریشنز میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔وائزری افسران سنگین جرائم کی صورت میں کرائم سین کاخود وزٹ کریں، جرائم کی روک تھام کیلئے کرائم پاکٹس پرناکے لگائے جائیں اورجرائم پیشہ افرادپر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے ہوائی فائرنگ کے واقعات پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ خواتین سے متعلقہ جرائم کے واقعات میں بلا تاخیر مقدمات کے اندراج اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے۔ مظلوم کو انصاف کی فراہمی ایجنڈا نمبر ون ہے۔ پولیس نوکری نہیں، عوامی خدمت پر مبنی ایک لائف سٹائل ہے۔