کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی قوم کا سب سے بڑا اثاثہ بنایا ہے۔ باہر جانے والوں کا نہیں یہاں موجود نوجوانوں کا برین ڈرین ہو رہا ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت سب سے اہم ہے وقت کی ہمیشہ قدر کرو۔ آج پاکستان ہر طرح کے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ امید ہے تو صرف یہ کہ پاکستان نوجوانوں سے گھرا ہوا ہے۔ جنہوں نے پاکستان بنایا تھا وہ ہی پاکستان چلا بھی سکتے ہیں۔ پڑوسی ممالک اپنی آبادی کو اپنا سرمایہ بنا رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اگر سازش نہ ہوئی تو کراچی میں مزید 13 یونیورسٹیاں آنے والی ہیں۔ آنے والے دس سال کراچی اور انکے عوام کیلئے ہیں۔ نوجوان سرمایہ کاری صرف خود اور وقت پر کریں۔ یوتھ کنونشن سے مصطفی کمال، فاروق ستار، نسرین جلیل اور اراکین مرکزی سمیت طلباء و طالبات، آئی ٹی کمپنیوں، یونیورسٹیز کے مختلف شعبہ جات سمیت ہر طبقہ کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔