اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے تحریک انصاف کے ترجمان روف حسن ودیگر کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ پی ٹی آئی فیس بک ہیڈ سیدہ عروبہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، و جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد مرید عباس نے روف حسن اور دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے روف حسن کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا روف حسن نے کہا ہے میری سوشل میڈیا کی ذمہ داری نہیں لیکن جو گرفتار ہوئے انکے ساتھ تعلقات ہیں، پراسیکوٹر نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ لینے کی وجہ صرف یہی ہے کہ جن جن سے ان کا تعلق ہے یہی بتاسکتے ہیں۔ علی بخاری ایڈووکیٹ نے رف حسن سمیت دیگر گرفتار افراد کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ۔