اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ سے نااہل قرار دینے کی سزا کے سات سال مکمل ہونے پرکہا ہے ایک منصوبے کے تحت ہنستے بستے، ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھتے پاکستان کو پستی کی کھائی میں دھکیل دیا گیا تھا۔ پچیس کروڑ عوام مسلسل اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا پر ٹویٹ میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ’’سات سال پہلے_ آج ہی کے دن_ 28 جولائی 2017ء کو_دو تہائی اکثریت رکھنے والے منتخب وزیراعظم، محمد نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں منصب سے ہٹا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔‘‘انہوں نے کہاکہ تب ترقی کی شرح 6.3 اور مہنگائی 3 فی صد تھی، لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی تھی، دہشت گردی کا سر کچلا جا چکا تھا، آئی ایم ایف کو الوداع کہہ دیا گیا تھا، سی پیک کی شکل میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی تھی۔
ہنستے بستے پاکستان کو منصوبے کے تحت پستی میں د ھکیلا گیا: عرفان صدیقی
Jul 29, 2024