لاہور (کامرس رپورٹر) شوگر ملز مالکان حکومت سے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی کی برآمد کیلئے اجازت ملنے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے اور حکومت سے مزید 12 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کیلئے اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔ شوگرملز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کے اضافی سٹاک سے درپیش مالی مسائل بے قابو ہوتے جا رہے ہیں اور انڈسٹری کو چینی کی پیداواری لاگت میں اضافے پر نقصان کاسامنا ہے۔ پچھلے کرشنگ سیزنز کے فاضل ذخیرہ رکھنے کے اخراجات سے بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے، چینی کی بین الاقوامی قیمتیں مسلسل نیچے گر رہی ہیں۔ پالیسی فیصلہ نہ ہونے سے ملک کو پہلے ہی 30 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت سے تصدیق شدہ 12 لاکھ ٹن اضافی سٹاک کی برآمد کیلئے اجازت کی درخواست کرتے ہیں۔ نومبر کے آخر تک اضافی سٹاک بڑھ کر 15 لاکھ میٹرک ٹن ہو جائے گا اور آنے والے کرشنگ سیزن میں بہت کم وقت رہ گیا۔