وزیراعظم فلسطینیوں کی مدد کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کریں: زبیر احمد ظہیر

Jul 29, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا فلسطینی حمایت میں بیان ملتِ اسلامیہ، پاکستان اور پوری امہ کی بہترین ترجمانی ہے۔ لیکن وقت کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم بیان دینے کی بجائے مظلوم  فلسطین کی صرف سفارتی یا اخلاقی مدد کی بجائے ان کی عملی مدد کے لئے حکومتی سطح پر عملی اقدامات شروع کریں۔ وہ آج اسلامی جمہوری اتحاد اوکاڑہ کے صدر حافظ میاں عاشق حسین کی قیادت میں آنے والے ضلعی عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی، علامہ پروفیسر فیاض احمد سلفی، عظمت اﷲ چوہدری، الحاج مشتاق احمد اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت کے فیصلوں پر مکمل عمل درآمد کرانے، جنگی مجرم نیتن یاہو کو گرفتار کروانے، فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کروانے اور موثر جنگ بندی  کے لئے بلا تاخیر اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر  اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کروانے کے لئے موثر اقدامات شروع کریں۔ کیونکہ باطل قوتوں کے خلاف عملی اقدامات خود پاکستان اور عالمِ اسلام کی بقاء کے لئے لازمی اور ضروری ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں