66 فلسطینی شہید: اسرائیل کے دفاع کی خاطر ڈھال بن کر کھڑے ہونگے: امریکہ

Jul 29, 2024

غزہ‘ روم (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ‘ قطر اور مصر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ نے اٹلی میں ثالث کاروں سے ملاقات کی۔ موساد چیف نے سی آئی اے سربراہ، مصری اور قطری حکام سے روم میں ملاقات کی۔ ادھر اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ مزید 66 فلسطینی شہید‘ 241 زخمی ہو گئے۔ بلاتہ پناہ گزین کیمپس میں 17 سالہ لڑکے کو گولی مار دی۔ گولان پہاڑیوں کے فٹبال گراؤنڈ میں مرنے والے یہودیوں کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ اسرائیلی حکام نے الزام لگایا حزب اﷲ نے ایرانی ساختہ میزائل حملے میں استعمال کیا۔ امریکی وزیر دفاع انٹونی بلنکن نے کہا اسرائیل کے دفاع کے حق میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے وہ لبنان میں نئی مہم جوئی سے باز رہے۔ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہر خطرے کے خلاف سب سے بڑی ڈھال بن کر کھڑا ہوگا۔ العربیہ نیوز سے گفتگو میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ فٹبال گرائونڈ پر راکٹ حملوں میں اسرائیلی بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار حزب اللہ ہے۔ حزب اﷲ کے حملے کے بعد نیتن یاہو نے دورہ امریکہ مختصر کر دیا‘ جلد وطن واپس پہنچیں گے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہرگاری نے دھمکی دی ہے ہم سخت جوابی کارروائی کریں گے۔

مزیدخبریں