پارٹیاں سیاست، لانگ مارچ کی بجائے ملکی مسائل کا حل نکالیں: احسن اقبال

شکر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں، سیاست اور لانگ مارچ کے بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ایک بار پھر ہماری طرف ہاتھ بڑھایا ہے، چین پاکستان میں روزگار، توانائی اور خطے سے جوڑنے کے منصوبے پر کام کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013ء کے بعد انہی کرداروں نے تشدد اور بدامنی کو پھیلایا، آج بھی کچھ کردار چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کے لیے سرگرم ہیں، سازش کے تحت گوادر اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کرائے جا رہے ہیں، مظاہروں کا مقصد سی پیک فیز ٹو کو روکنا ہے۔ کوئی حکومت نہیں چاہتی کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر پڑے، جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پتہ ہے اصلاحات اور اقدامات کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں، قومی معاشی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بجلی بحران کی وجہ سے کرنسی کی قیمت کم ہو رہی ہے، گوجرانوالہ، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور کے علاوہ تمام ڈسکوز بجلی چوری کر رہے ہیں، تمام صوبے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بجلی چوری کو روکیں۔

ای پیپر دی نیشن