گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) بجلی کا بل جمع کروانے کے بعد علاج کیلئے پیسے نہ ہونے پر نالے میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی، بتایا گیا ہے کہ مکی روڈ کھیالی کی رہائشی 65 سالہ رضیہ بی بی کچھ عرصہ سے بیمار تھی جو ’’ہرنیا‘‘ کی تکلیف کے باعث گھر سے دوائی لینے کیلئے ڈاکٹر کے پاس جا رہی تھی مگر اس نے راستے میں نالے میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ نالے میں چھلانگ لگانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رضیہ بی بی کو چھلانگ لگانے سے قبل بیٹی نے اسے پکڑنے کی بھی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکی۔ تاہم واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے خاتون کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر معمر خاتون کے ورثاء نے کہا رضیہ بی بی کے علاج کیلئے ڈاکٹرز 60 سے 70ہزار روپے مانگتے تھے ان کے پاس جو پیسے تھے اس سے انہوں نے بجلی کا بل جمع کروا دیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔ بیٹے عثمان نے بتایا والدہ کو ہرنیا تھا۔ آپریشن کے پیسوں کا دس ہزار جولائی کا بل ادا کر دیا۔