سعودی عرب : ڈرائیونگ اسکولوں کو جدید بنانے کا منصوبہ نجی سیکٹر کو دینے کا فیصلہ

سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے قومی مرکز برائے نجکاری کے تعاون سے مملکت میں ڈرائیونگ اسکولوں کی نگرانی کے منصوبے کے لیے اظہار دل چسپی کا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 10 برس کے لیے ان اسکولوں کا انتظام اور چلانے کا عمل نجی سیکٹر کے حوالے کیا جائے گا۔ اس مدت میں تیاری کا 18 ماہ کا عرصہ شامل ہے۔سعودی عرب میں ڈرائیونگ اسکولوں کی ترقی کے لیے وزارت داخلہ کے اس منصوبے کا مقصد مملکت میں سواری چلانے کے حوالے سے تربیت اور امتحان کے شعبے میں بہترین کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے لیے ملک بھر میں موجود 69 سے زیادہ ڈرائیونگ اسکولوں میں مذکورہ شعبوں کی کارکردگی کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق اس منصوبے میں پیشگی جائزہ، تھیوری اور پریکٹیکل کے امتحانات، مطلوبہ ساز و سامان کی تیاری کے علاوہ عملی اور نظریاتی امتحانات کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک کے منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق ہم آہنگ کرنا اور ڈرائیونگ اسکولوں کے ممتحنین کی تربیتی ضروریات کی فراہمی شامل ہے۔سعودی وزارت داخلہ اور قومی مرکز برائے نجکاری نے اس منصوبے کے لیے سرمایہ کاروں اور دل چسپی رکھنے والوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اظہارِ دل چسپی کی درخواست سے متعلق دستاویز کا مطالعہ کر لیں۔ اس کے لیے قومی مرکز برائے نجکاری کی ویب سائٹ کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اظہار دل چسپی کی درخواستیں جمع کرانے کا آخری وقت 25 اگست 2024 سہ پہر 3 بجے تک ہے۔

ای پیپر دی نیشن