بھارت کشمیر اور دیگر ریاستوں میں شہریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روکنے کیلئے اقدامات کرے : ایمنٹسی انٹرنیشنل

سری نگر (کے پی آئی) حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر اور بھارتی ریاستوں میں لوگوں کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنے اور انہیں سخت ترین سزا دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایمنسٹی انٹر نیشنل نے بھارت کے وزیر داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی ہے کہ بھارت جموں کشمیر سمیت دیگر ریاستوں میں حراست کے دوران قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ خطے میں بھارت کے اس طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ٹارچر مخالف اعلامیہ پر دستخط کرنے کے با وجود اس پر عمل کرنے میں ناکام ہو رہا ہے۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل کے پروگرام ڈائریکٹر برائے ایشیاء پیسفک مسٹر سام ظریفی کی طرف سے وزیر داخلہ پی چدمبرم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت اپنے شہریوں کے خلاف تشدد آمیز سلوک کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کو مزید تاخیر کے بغیر بھارت آنے کی دعوت دے۔ خط میں اس بات کو لیکر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے کہ جموں کشمیر اور دیگر کئی ریاستوں میں عام لوگوں کے ٹارچر اور غیر انسانی سلوک عام ہے۔ اس خط میں بھارت کو واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ وہ تشدد مخالف قانون میں ترمیم کر کے اس کو بین الاقوامی اصولوں اور قواعد کے مطابق بنانے کے اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن