وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ گیس فراہمی کا معاہدہ رچرڈ ہالبروک کے ایک بیان کی وجہ سے تبدیل نہیں ہوگا۔

Jun 29, 2010 | 18:04

سفیر یاؤ جنگ
شاہ محمود قریشی نے یہ بات اسلام آباد سے ملتان پہنچنے پر اخبار نویسوں سے گفتگو میں کہی۔ انہوںنے کہا کہ ایک بات طے ہے کہ پاکستان کو انرجی کی ضرورت ہے۔ اور ایران کے ساتھ گیس فراہمی کا معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران پرپابندیوں کے حوالے سے دیکھنا ہوگا کہ اس پر انٹرنیشنل لاء کیاہے اوراقوام متحدہ کا باب نمبر سات کیا کہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا سے پندرہ جولائی کو ملاقات ہوگی تو اس میں پانی کا مسئلہ بھی زیربحث آئے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے وولر براج پر کام روک دیا ہے، کشن گنگا پراجیکٹ کے بارے میں ہماری ترجیح ہے کہ دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے یہ مسئلہ حل کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مڈٹرم انتخابات کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ قومی مفاد میں نہیں ہونگے۔ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوگی جب الیکشن وقت پرہوں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے کیونکہ اسی طرح اقتصادی اور معاشی استحکام حاصل ہوگا۔ ایک اور سوال پر وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیر ایک گھمبیر مسئلہ ہے ہماری کوشش ہے کہ اس کا ایسا حل نکلے جو ہمارے تاریخی اور اصولی نکتہ نظر سے مطابقت رکھتا ہو اور کشمیریوں کی امنگوں کے بھی مطابق ہو۔  
مزیدخبریں