لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ میں جاری فٹبال عالمی کپ مقابلوں کے ناک آوٹ راونڈ کے 2 میچوں میں ہالینڈ سلواکیہ کو 2-1 اور برازیل چلی کو 3 صفر سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے۔ ہالینڈ کی جانب سے پہلا گول میچ کے 70ویں منٹ میں ارجن روبن نے کیا۔ دوسرا گول شنائیڈر نے میچ کے 84ویں منٹ میں کیا۔ سلواکیہ کو میچ کے آخری منٹ میں پنلٹی ملی جس پر وٹک نے گول کیا۔ ہالینڈ کی ٹیم اپنے تمام گروپ میچ جیت کر ناک آوٹ راونڈ میں پہنچی۔ دریں اثناءبرازیل چلی کو 3 صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔ برازیل کی طرف سے پہلا گول جوآن نے میچ کے 34ویں منٹ میں کیا۔ دوسرا گول لوئس فبینیو اور تیسرا گول روبینیو نے کیا۔