رمضان کی آمد، ذخیرہ اندوز متحرک، دودھ، مرغی، سبزیاں مہنگی ہو گئیں

لاہور+کراچی+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+این این آئی) بابرکت مہینے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا سرگرم، دودھ، مرغی اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں اشیا ئے ضروریہ کی طرح دودھ کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا گیا، فی لٹر دودھ 70روپے کے بجائے 78سے80روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ منافع خوروں نے مرغی کا گوشت بھی 60روپے فی کلو مہنگا کر دیا۔ پھل اور سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں ہیں۔ ٹماٹر 20روپے اضافے سے 60 سے70روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ صارفین کاکہناہے کہ کراچی میں منافع خوروں کو لگام ڈالنے میں متعلقہ ادارے مکمل ناکام ہوچکے ہیں جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 8ہزار روپے سے کم آمدنی والے طبقے کیلئے قیمتوں کا حساس اعشاریہ 193.86پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ ہفتے کے دوران 191.78پوائنٹس تھا۔ اس عرصہ میں 7اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 20اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 26اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ دریں اثناءوزارت خزانہ کے ترجمان رانا اسد امین نے کہا کہ 2ارب روپے کے رمضان پیکیج سے یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے اہم غذائی اشیا آٹا، گھی، پکانے کا تیل، چینی، دال چنا، چائے، دودھ اور بنیادی مصالحہ جات کی قیمتوں میں تین سے پانچ روپے فی کلو کی چھوٹ دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن