نوشہرہ (ثناءنیوز) نوشہرہ میں واقع جلوزئی آئی ڈی پیز کیمپ میں دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر اقوامِ متحدہ اور دیگر امدادی تنظیموں کے دفاتر بند کر دئیے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کیمپ میں قائم اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو نشانہ بنائے جانے کے خطرے کو دیکھتے ہوئے جمعہ کو تمام دفاتر بند کر دئیے گئے۔ اس کے علاوہ عالمی ادارہ برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر)، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) سمیت مقامی امدادی انجمنوں کے دفاتر بھی بند کئے گئے ہیں۔ جلوزئی کمیپ انچارج خا لد عثمان کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے دفاتر کو بند کر دئیے گئے ہیں۔ چند ماہ قبل بھی جلوزئی کیمپ میں قا ئم ورلڈ فوڈ پروگرام کے دفتر پر حملے میں غیر سرکاری تنظیموں کے اہلکاروں سمیت کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔