جو ہانسبرگ(آن لائن)جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال میں مصنوعی تنفس پر رکھا گیا ہے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ کی تحریک آزادی کے ہیرو سابق صدر نیلسن منڈیلا کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں مصنوعی تنفس دیا جا رہا ہے۔ نیلسن منڈیلا کو 8 جون کو پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے پری ٹوریا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی حالت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی۔جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے نیلسن منڈیلا کی خراب طبیعت کے باعث موزمبیق کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کے پرانے گھر کے باہر جمع لوگ ان کی صحت کیلئے رات بھر دعائیں مانگتے رہے ہیں۔ ادھرجنوبی افریقہ کی حکمران جماعت افریقن نیشنل کانگریس نے کہا کہ وہ جب تک ملک کے سابق صدر ہسپتال میں ہیں وہ ہر روز شمعیں روشن کریں گے۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زومانے کہا تھا کہ صدر نیلسن مینڈیلا کی صحت میں بدھ کی رات بہتری آئی لیکن ان کی حالت تاحال نازک ہے۔ نیلسن مینڈیلا کی بیٹی مکازیوی نے کہا تھا کہ اگرچہ نیلسن مینڈیلا کی حالت تشویش ناک ہے لیکن وہ اشارے سے بات کا جواب دیتے ہیں۔ انہوں نے ملک کے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ ان کی حالت ٹھیک دکھائی نہیں دیتی، میں جھوٹ نہیں بولنا چاہتی، لیکن جیسا کہ میں نے کہا کہ جب ہم ان سے بات کرتے ہیں تو وہ اشارے سے جواب دیتے ہیں اور آنکھیں کھولنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ شاید جانے والے ہیں لیکن وہ ابھی تک ہیں۔ دریں اثناءامریکی صدر باراک اوباما جنوبی افریقہ پہنچ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر اوباما سابق صدر جنوبی افریقہ نیلسن منڈیلا کی عیادت کرینگے۔ دوسری طرف اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے دورہ ساﺅتھ افریقہ کے دوران نیلسن منڈیلا کی بیماری کے باعث ان کے ساتھ ملاقات پر زور نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مجھے تصویریں کھنچوانے کی ضرورت نہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے عالمی رہنما کے اہل خانہ مشکل میں ہوں، اس طرح کا اقدام مناسب نہیں ہو گا۔ تین ہفتے قبل اوباما نے کہا کہ میں نیلسن منڈیلا کے گھر والوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ امریکی شہریوں کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔
نیلسن/ اوباما عیادت
منڈیلا کی صحت یابی کیلئے رات بھر دعائیں ، اوباما بھی پہنچ گئے
منڈیلا کی صحت یابی کیلئے رات بھر دعائیں ، اوباما بھی پہنچ گئے
Jun 29, 2013