اسلام آباد (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے میں تاخیری حربے تینوں مسلح افواج کے موجودہ سربراہان کی ریٹائرمنٹ تک استعمال ہوں گے۔ سپریم کورٹ کو دھوکہ دینے والے فراڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مشرف کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی ہوئی تو آٹھ سو سے زائد شخصیات اس کیس کا حصہ بنیں گی۔ وہ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2013-14ءکے بجٹ میں عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ہیں بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت نے ٹیکس کے ذریعے لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو حکومت کے پاس دہشت گردوں سے بات چیت کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی پلان ہے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کے تاخیری حربے استعمال ہورہے ہیں تاکہ کارروائی سے پہلے تینوں چیف تبدیل ہو جائیں۔
شیخ رشید