بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاک فوج کا منہ توڑ جواب، دشمن کی توپیں خاموش، بھارتی سورما سرحدی چوکیاں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
مشرقی سرحد سے کبھی بھی ٹھنڈی ہَوا کا جھونکا نہیں آیا۔ بھارتی فوج بغیر کسی ایشو کے فائرنگ شروع کر دیتی ہے۔ بھارت نے امریکہ‘ روس اور اسرائیل سے اسلحہ خرید کر ڈھیر لگا رکھے ہیں اب وہ بغیر کسی مقصد کے سرحد پر کشیدگی بڑھانے کیلئے آئے روز فائرنگ کرتا ہے۔ بھارت حقیقت میں طاقت کا استعمال کر کے کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کر اپنے زیر تسلط رکھنا چاہتا ہے۔ سول آبادی پر فائرنگ بھارت کی ہٹ دھرمی ہے۔ عالمی میڈیا اس بات کا گواہ ہے کہ سرحد پار فائرنگ کی پہل بھارت ہی کرتا ہے اب بھی پہلے بھارت نے کی ہے۔ اگر پاک فوج بھارت کو اس کی بدمعاشی کا منہ توڑ جواب دیتی ہے تو پھر بھارت آسمان پر سر اُٹھا لیتا ہے۔ بھارت ایک طرف تو کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے دوسری طرف پاکستانی علاقوں میں در اندازی بھی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ اگر حقیقت میں امن قائم کرنے کی داعی ہے تو وہ بھارت کو لگام دے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے تاکہ کشمیری اپنی منشا کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔