دورہ سیاچن، فوج تمام خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے: آرمی چیف

سیاچن/ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں)  چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے سیاچن کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا افواج پاکستان تمام خطرات سے لڑنے کیلئے تیار ہیں، ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق اپنے دورے کے دوران جنرل راحیل شریف نے سیاچن میں شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے دنیا کے بلند ترین محاذ پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت بھی گزارا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا پاک آرمی ہر قسم کے خطروں کا سامنا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مادر وطن کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے زور دیا مسلح افواج اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ کسی بھی چیلنج کا جواب دیا جاسکے۔ ثنا نیوز کے مطابق آرمی چیف نے ان تمام افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انتہائی سخت موسم اور مقابلے کے ماحول میں ان کے بلند مورال کی تعریف کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج مضبوط فورس ہے جو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے آرمی چیف نے شہداء کی گیاری کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

ای پیپر دی نیشن