اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم ہاؤس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے یومیہ 40 لاکھ روپے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ پر مبنی بیان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاوس کا روزانہ کا خرچ 10 لاکھ روپے ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان میں ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ اس خرچے میں عملے کی تنخواہیں، سکیورٹی اخراجات، ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی آمدورفت کے اخراجات شامل ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں 7 کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔ 2012-13ء میں وزیراعظم ہائوس کا بجٹ 45 کروڑ 80 لاکھ روپے اور 2013-14ء میں وزیراعظم ہائوس کا بجٹ 38 کروڑ 70 لاکھ تھا۔ رواں مالی سال میں بجٹ کو کم کر کے 36 کروڑ 70 لاکھ سالانہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کا روزانہ کا خرچہ 40 لاکھ روپے ہے۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان کا وزیراعظم ہائوس کے اخراجات کے حوالے سے دعویٰ جھوٹا نکلا۔ وزیراعظم ہائوس نے گزشتہ تین برسوں کے اخراجات کی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ مسلم لیگ (ن) حکومت کے پہلے سال میں ریکارڈ 7 کروڑ روپے کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سٹاف کی تنخواہوں، ملکی و غیرملکی وفود کی آمد پر آنیوالے اخراجات کے باوجود بھی وزراعظم ہائوس کے روزانہ کے اخراجات 10 لاکھ روپے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس/ خرچہ