لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔ اس موقع پر انہوں نے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردنی کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود خریداروں سے ان بازاروں میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے لاہور میں شادمان، وحدت کالونی ،کریم پارک اور دہلی دروازہ کے علاقوں میں قائم رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ انہو ںنے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی دستیابی میں کوئی کمی نہ آنے پائے - انہوںنے مزید کہاکہ خواتین و دیگر لوگوں کے لئے بھی سیکورٹی کا معقول بندوبست کیاجائے -انہو ںنے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کے وژن کے مطابق لوگوں کو بھر پور ریلیف دیاجائے اورہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے۔ وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں حکومت دن رات عام آدمی کی حالت بہتر بنانے میں سرگرم عمل ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو اس ضمن میں ہدایات کر دی گئی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو بنیادی ضرورت کی اشیائے خوردنی کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے - انہو ںنے مزید کہاکہ رمضان بازاروں میں تعینات عملہ لوگوں کی گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کی مناسب پارکنگ کے حوالے سے بھی خاطر خواہ بندوبست کرے- صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمارا مقصد عوام کی ماہ رمضان سمیت بھر پور خدمت کرنا ہے اور خدمات کا یہ سفر سارا سال جاری رہے گا۔