کراچی (صباح نیوز) چھوٹے تاجروں نے حکومت سندھ سے 9 بجے شب مارکیٹیں بند کرنے کا نوٹیفکیشن فوری طور پرواپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ مطالبہ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر اور سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ رمضان المبارک میں مارکیٹیں گرم موسم کے باعث دن بھر ویران جبکہ خریداروں کی آمد افطار کے بعد شروع ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت عید کی خوشیوں کی تلاش میں نکلنے والے عوام کو اذیت اور مشکلات سے دوچار کرنے کی بجائے بجلی بچت کا حقیقی حل تلاش کرے۔ اس موقع پر عتیق میر نے کہا کہ کراچی کی 800میں سے صرف 200مارکٹیں عید شاپنگ کے لئے رات کے اوقات میں کھلتی ہیں جنھیں بجلی بچت کے نام پر بند کرانا قطعی نامناسب فیصلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا عید تہوار منایا جاتا ہے۔ عید سیزن کے لیے بیوپاری 80تا 90ارب روپے کی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ حکومت پر یہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر مارکیٹیں بند کروانے کیلئے سرکاری مشینری اور طاقت کا استعمال کیا گیا تو تاجر برادی اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریگی اور کسی بھی بدامنی اور انتشار کی صورت میں اس کی تمام تر ذمے داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔
عید پر80 سے90 ارب کی سرمایہ کاری ہوتی ہے،9 بجے مارکیٹیں بند نہیں کر سکتے: سندھ، کراچی تاجر اتحاد
Jun 29, 2015