رمضان بازار نہ ہوتے تو مہنگائی کا طوفان آجاتا: ڈاکٹر فرخ جاوید

Jun 29, 2015

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ رمضان بازار لگانے کا مقصد عام مارکیٹ میں اشیاء صرف کی قیمتوں کو سستا کرنا ہے تاکہ عوام ناجائز منافع خوری کا شکار نہ ہوں اور انہیں معیاری اور سستی اشیاء صرف ایک ہی جگہ سے دستیاب ہو۔ انہوں نے یہ بات ماڈل بازار ریلوے روڈ پر لگائے گئے رمضان بازار کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی سی او آصف اقبال چودھری بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رمضان بازار نہ لگائے جاتے تو عام مارکیٹ میں اشیاء صرف خصوصاً سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جاتے اور مہنگائی کا ایک طوفان آجاتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق عام صارف کے لئے رمضان میں روزمرہ خریداری آسان کر دی گئی۔ جہاں وہ ضرورت کی تمام اشیاء ایک ہی جگہ سے حاصل کر سکتا ہے اور اسے معیار کی بھی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے ماڈل بازار میں اشیاء کی کوالٹی کے معیار کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عام صارف خصو صا خواتین اور بچوں کو رمضان بازار کی طرف راغب کر نے کے لئے ان کی دلچسپی کی اشیاء بھی رکھیں تاکہ رمضان بازار میں شاپنگ کو ایک فیملی شاپنگ کا درجہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبا ئی حکومت کے بر وقت اقدامات سے اس سال کسی سبزی یا پھل کی قلت نہیں پیدا ہو ئی اور پورے صوبے میں ٹماٹر، آلو، پیازاور لیموں وافر مقدار میں دستیاب ہیں جبکہ ان کے ریٹ بھی نہایت مناسب ہیں۔

مزیدخبریں