اسلام آباد (صباح نےوز) ایم کیوایم کے بھارتی رابطوں سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ پر غور کیلئے وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ دفاعی و سفارتی ماہرین کے مطابق اس رپورٹ کے تناظر میں کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنا ضروری ہے تاکہ بھارت سے مالی معاونت اور تربیت کیلئے رابطوں سے متعلق رپورٹ سامنے آنے کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال پر غور اور اس سنگین معاملے سے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے مشاورت ہوسکے۔ پاکستان کیخلاف مدد حاصل کرنیوالوں پر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ممکن بنانے کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین نے سوال اٹھایا ہے کہ ہمسایہ ملک سے ان طویل رابطوں کا بروقت علم کیوں نہ ہوسکا۔ سیاستدانوں کے فون ٹیپ ہورہے ہیں، یہ سنگین معاملہ آخر کار کیسے پوشیدہ رہا؟ یہ رپورٹ منظرعام پر نہ آتی توکیا اس معاملے پر اس طرح پردہ پڑا رہتا۔ یہ وہ اہم سوالات ہیں جن پر قومی سلامتی کمیٹی میں مشترکہ طور پر غور کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین/رپورٹ