لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور میں بجلی کی ٹرپنگ اور سسٹم کو اوورلوڈنگ سے بچانے کے لئے لیسکو نے موبائل گرڈ سٹیشن کا افتتاح کر دیا ہے۔ لاہور کے کسی بھی علاقے میں گرڈ سٹیشن اوورلوڈنگ ہونے پر موبائل گرڈ کو متاثرہ گرڈ سٹیشن کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔ لیسکو کے چیف ایگزیکٹو قیصر زمان نے فتح گڑھ میں موبائل گرڈ سٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا لیسکو میں بعض اوقات گرڈ سٹیشن اوور لوڈ ہوتے تھے جس کی وجہ سے بجلی بند کرنا پڑتی تھی۔ ہمارے پاس موبائل گرڈ سٹیشن موجود تھا جو پہلے کالا شاہ کاکو گرڈ میں منسلک تھا۔ اب مریدکے گرڈ سٹیشن نیا بن چکا ہے۔ جس کی وجہ سے موبائل گرڈ کو لاہور میں لایا گیا ہے۔ اس کو فتح گڑھ کے 3 فیڈرز کے گھی مل، نبی پورہ اور گلشن پارک کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ فتح گڑھ 132 کے وی گرڈ سٹیشن سے ملحقہ سروس لین میں موبائل گرڈ سٹیشن کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا لاہور کے تمام علاقوں میں معمول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کسی بھی علاقے میں فورس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ لوڈ شیڈنگ کنٹرول کرنے کے لئے تمام گرڈ سٹیشن اور فیڈرز کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ سب ڈویژنز میں ٹرالی ٹرانسفارمر بھی موجود ہیں۔ کسی بھی علاقے میں ٹرانسفارمر خرابی کی صورت میں فوراً نیا ٹرانسفارمر فراہم کر دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن محمد محبوب، ایس ای مجاہد سعید سمیت لیسکو کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
لیسکو/ چیف