سرینگر( صباح نےوز)چیرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے ڈی جی پولیس کے اس بیان کہ ”گیلانی ایک آزاد انسان ہیں اور وہ کہیں بھی نماز پڑھ سکتے ہیں“ کو ہمالیہ جتنا بڑا جھوٹ اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پولیس سربراہ کے بیان کی اصلیت جاننے کے لیے آنے والے جمعہ 3جولائی کو اسلام آباد (اننت ناگ) جائیں گے اور وہاں نماز ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مسلسل اپنے گھر میں قید کرلیا گیا ہے اور میں چیک اپ کے لیے اسپتال بھی جاتا ہوں تو پولیس کی تین چار گاڑیاں اور درجن بھر نفری میرے ساتھ جاتی ہے اور پولیس حراست میں ہی مجھے علاج بھی کرانا پڑتا ہے۔ تحریک حریت کے اہتمام سے حیدرپورہ میں بلائی گئی نزول قرآن کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے گیلانی نے این سی، پی ڈی پی اور بی جے پی کو ایک جیسی مساوی پارٹیاں قرار دیا اور کہا کہ بعض لوگوں نے تبدیلی کے نام پر ووٹ ڈالا تھا اور پی ڈی پی کو ایک بہتر متبادل قرار دینے کی کوشش کی تھی، البتہ نئی حکومت آنے سے نہ صرف یہ کہ کوئی فرق نہیں پڑا ہے، بلکہ یہ عملاً پہلے سے بدتر ثابت ہوئی ہے۔ عام لوگوں پر مظالم میں کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور حالات زیادہ خراب ہوگئے ہیں۔ حیدرپورہ میں آج ایک نزول قرآن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں گیلانی کے علاوہ مولانا الطاف حسین ندوی، مولانا خورشید احمد قانون گو، بشیر احمد فاروقی، ترجمان جماعت اسلامی زاہد علی ایڈوکیٹ اور تحریک حریت کے صوبائی صدر امیرِحمزہ شاہ نے تقاریر کیں اور قرآن کی عظمت اور فضلیت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔
سید علی گیلانی کاآئندہ جمعہ اننت ناگ میں ادا کرنے کا اعلان
Jun 29, 2015