لاہور+کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جو حکومت عوام کو پانی نہیں دے سکتی اسے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ کراچی والوں کی آنکھوں میں حکمرانوں کے خلاف غصہ دیکھ رہا ہوں۔ افطار ڈنر اور میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔ اس کے مسائل حل ہونا چاہئیں۔ کراچی میں ہلاکتوں کی ذمہ دار مرکزی اور صوبائی حکومت ہے۔ عوام پر کئے گئے ظلم کا بدلہ حکمرانوں سے لیں گے جو حکومت عوام کو پانی نہیں دے سکتی اسے شرم کرنی چاہئے۔ 68 سال گزر گئے مگر ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہو سکا۔ آج بلوچستان میں نوجوان پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں۔ پی پی اور ایم کیو ایم کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کراچی کربلا بن گیا‘ گرمی سے ہلاکتوں پر صوبائی اور وفاقی حکومت ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی کارکن نے پلاٹ پر قبضہ نہیں کیا۔ کراچی کا حلیہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 20 سال سے ایک تنظیم نے شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ بادشاہت نہیں قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ بوڑھے آدمی ہیں ہمیں ان پر ترس آتا ہے ان کو آرام کی ضرورت ہے کیونکہ ان کی عمر زیادہ ہو گئی ہے، انہیں فریج میں رکھ دینا چاہئے۔ سراج الحق نے کہا حکمرانوں کی بداعمالیوں کے باعث ملک میں بارشیں ہونا بند ہو گئی ہیں۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ سخت گرمی اور ہیٹ سٹروک سے ہلاکتوں اور بجلی اور پانی کے بحران کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت کراچی میں ایمرجنسی کا اعلان کر ے اور عوام کو مفت پانی اور برف کی فراہمی کا انتظام کرے۔ وزیرِاعظم نواز شریف خود کراچی آئیں اور صرف کراچی کے حالات کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اجلاس کراچی میں منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کراچی جیسے بڑ ے شہر میں اگر کوئی آفت یا حادثہ رونما ہو جائے تو اس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی انتظام نہیں، سخت گرمی سے متاثر افراد کو ہسپتالوں میں جگہ نہ مل سکی، گھر میں رہنے والوں کو بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے بے حال کر دیا، حکومت نام کی کوئی چیز دیکھنے کو نہیں ملتی، اس وجہ سے عوام کے اندر شدید غم غصہ اور بے چینی ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اس سے قبل کہ عوام ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں وہ عوام سے معافی مانگیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں حالات کی ذمہ داری میں برابر کی شریک ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ پانی جو کہ موت اور زندگی کا مسئلہ ہے، بڑے افسوس کی بات ہے کہ جن لوگوں نے کراچی پر حکمرانی کی انہوں نے پانی جیسے بنیادی مسئلے کو حل نہیں کیا۔ شہر پر طویل عرصے حکمران رہنے والے جو قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ تک میں موجود تھے وزارتوں اور حکومت کے مزے لیتے رہے۔
حکمرانوں کی بداعمالیوں سے بارشیں بند ہو گئیں‘ بوڑھے قائم علی شاہ کو فریج میں رکھ دینا چاہئے: سراج الحق
Jun 29, 2015