اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) وزیر اعظم نواز شریف اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان 9جولائی کو ماسکو میں دو طرفہ ملاقات ہو گی۔ وزیر اعظم انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دیں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم نواز شریف آٹھ جولائی کو ماسکو پہنچ جائیں گے۔ اگلے روز سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ ان کی دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ پیوٹن سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات، خطہ کی صورتحال، افغانستان کے امور، پاکستان ا ور روس کے درمیان معیشت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سمیت وسیع ایجنڈے پر بات ہو گی۔ وزیر اعظم نواز شریف انہیں رواں برس دورہ پاکستان کی دعوت بھی دیں گے۔ اس ذریعہ کے مطابق ماسکو میں پاکستان بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا امکان تو موجود ہے لیکن ابھی تک ملاقات طے نہیں پائی۔ بھارت کی طرف سے یکے بعد دیگرے معاندانہ بیانات، جارحانہ طرز عمل اور اب ایم کیو ایم کیلئے مالی امداد جیسے معاملات کی وجہ سے مجوزہ ملاقات کے امکانات کم بھی ہو سکتے ہیں مگر دونوں وزرائے اعظم کی ماسکو میں موجودگی کے باوجود ملاقات نہ ہونا پاکستان بھارت تعلقات کیلئے نہ صرف مزید جھٹکا ثابت ہو گا بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کھل کر سامنے آ جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نو اور دس جولائی کو روس کے شہر اوفا میں ہونے والی اس سربراہ کانفرنس میں پاکستان ا ور بھارت کو تنظیم کی مستقل رکنیت دی جا رہی ہے۔ سارک کے بعد یہ دوسرا علاقائی اتحاد ہو گا جس میں پاکستان ا ور بھارت دونوں شامل ہوں گے۔ اس وقت دونوں ملکوں کو مبصر کا درجہ حاصل ہے۔