طاہر القادری آج لاہور پہنچیں گے، شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل: جلد سیاسی احتجاج سرگرمیوں کا اعلان کرونگا، سربراہ عوامی تحریگ

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اپنا علاج کروا کر 6 ماہ بعد آج صبح 7 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچیں گے وہ گزشتہ رات لندن سے دبئی کیلئے روانہ ہوگئے۔ عوامی تحر یک نے طاہر القادری کے شاندار استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی۔ پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی کارکنان ائر پورٹ پہنچیں گے جہاں ڈاکٹر طاہر القادری کا شاندار استقبال کیا جائیگا اور انکو جلوس کی شکل میں مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے منہاج القرآن لایا جائیگا۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے ڈاکٹر طاہر القادری کو وطن واپسی پر مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے انتظامات کرلئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گرد اور ماڈل ٹائون تک ڈاکٹر طاہر القادری کے روٹ پر سینکڑوں پولیس اہلکار متعین کردئیے گئے۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور عبداللہ سنبل نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کو استقبالیہ کیمپ لگانے کی اجازت نہیں۔ ایلیٹ فورس کی دو گاڑیاں ڈاکٹر طاہر القادری کی سکیورٹی پر مامور ہوں گی۔ روٹ پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی اے ٹی نے طاہرالقادری کی آمد پر استقبالیہ کیمپ لگانے کی اجازت مانگی تھی جبکہ دوسری طرف عوامی تحریک کے مرکزی صدر رحیق عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہم نے انتظامیہ سے سکیورٹی نہیں مانگی بلکہ اپنے روٹ سے آگاہ کر دیا ہے۔ حکومت نے خط لکھ کر دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کیا ہے ہمیں سب سے زیادہ خطرہ حکمرانوں سے ہے۔ قبل ازیں لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وطن واپس پہنچ کر وہ سیاسی اور احتجاجی سرگرمیوں کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قاتلوں کی جے آئی ٹی کو تسلیم نہیں کرتے۔ پنجاب میں قاتل لیگ بیٹھی ہے، آرمی چیف انصاف کیلئے بلاامتیاز کارروائی کریں، انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ فنڈز لینے والی کسی بھی جماعت پر پابندی عائد کردینی چاہیے، حکمران دہشت گردی کے بین الاقوامی ایشو کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ حکمرانوں کا مجرمانہ عمل اسی طرح جاری رہا تو اس کی سزا آئندہ نسلیں بھگتیں گی کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی کے باعث ہونے والی اموات کے ذمہ دار وہ عناصر ہیں جنہوں نے 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا انہوں نے کہا کہ یہ صرف ملک کو لوٹنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں، لاکھوں لوگ مر جائیں تو ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 10روز سے موت کا کھیل جاری ہے اور وزیراعظم اسلام آباد کے آرام دہ محل میںسوئے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں رینجرز کو کراچی میں کریمنلز کے خلاف جرأت مندانہ کردار ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن میں ان کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ کچھ نعشیں پنجاب میں بھی پڑی ہیں کچھ قاتل پنجاب میں بھی دندناتے پھر رہے ہیں اور وہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہیں، ان کے خلاف آپریشن کب شروع ہو گا؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہوا اور ہم ظالموں اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، یہ قانونی جنگ جاری رہے گی، انہوں نے عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ مجھے ان کی لندن آمد کا علم نہیں، قبل ازیں لندن میں فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کے اسلامی نصاب کی تقریب رونمائی ہوئی، تقریب میں ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش اور اس نوع کی دیگر تنظیمیں دہشت گرد اور خارجی ہیں ان کی تعلیمات کا اسلام اور قرآن سے کوئی تعلق نہیں ہے، بے گناہ انسانوں کا خون بہانا اسلام اور قرآن کی بنیادی آئیڈیالوجی کے خلاف ہے، انہوں نے کہا کہ جہاد کے نام پر فساد کرنے والوں اور نوجوانوں کی برین واشنگ کرنے والوں کے خلاف پوری قوت سے ٹکرانے کا وقت آ گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...