پٹنہ (نیوز ڈیسک) لاقانونیت اور پسماندگی کا شکار بھارتی ریاست بہار میں 2 طلبا کے سکول کے قریبی جوہڑ میں ڈوب کر مر جانے پر مشتعل والدین اور اہل علاقہ نے سکول کے ڈائریکٹر کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ ضلع نالندہ کے دہلی پبلک سکول میں اتوار کے روز پیش آیا جس کے قریبی جوہڑ سے سکول کے 2 طلبہ 8 سالہ ساگر کمار اور 7 سالہ روی کمار کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ یہ دونوں طلبہ جوہڑ میں ڈوب کر ہلاک ہوئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی بچوں کے والدین اور اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کئی گاڑیاں جلا ڈالیں اور زبردست توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران سکول کے ڈائریکٹر دیویندر پرشاد مظاہرین سے بات چیت کیلئے وہاں پہنچے تو لوگوں نے انہیں پکڑ کر بری طرح مارنا شروع کر دیا‘ پتھر برسائے‘ ٹھڈے اور لاٹھیاں ماریں جس سے دیویندر پرشاد شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے اسے مقامی ہسپتال منتقل کیا مگر وہ پٹنہ کے بڑے ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مظاہرین نے سکول میں گھس کر کئی گاڑیاں توڑ ڈالیں اور 2 کمرے نذر آتش کر دیئے۔
بہار/ سکول ڈائریکٹر
”2 طلبا کی موت“ بہار میں سکول ڈائریکٹر کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا
Jun 29, 2015