لاہور ( نامہ نگار) ملت پارک تھانے کی پولیس نے سالے اور بہنوئی کی طلاق کے معاملے پر لڑائی پر دونوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے حوالات میں بند کر دیا جس پر ان کے رشتے داروں، اہل محلہ اور شباب ملی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملتان روڈ بلاک کرکے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور تھانے کا گھیراﺅکرتے ہوئے پتھراﺅ کیا پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔ بنک کالونی کے ستار اور اس کے بہنوئی طاہرکے درمیان جھگڑے پر تھانہ ملت پارک کے ایس ایچ او شیخ نوید اکمل نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ستار اور طاہر کو پکڑ کر ان کے خلاف 107/151کے تحت انسداد کی کارروائی کرتے دونوں کو وحشیانہ تشدد کے بعد حوالا ت میں بند کر دیا جس پر ان افراد کے عزیز و اقارب اور اہل محلہ کی بڑی تعدا د ان کو چھڑوانے کے لئے تھانہ ملت پارک پہنچ گئی پولےس نے دونوں کو چھوڑنے سے انکار کرتے ان افراد کو دھکے دے کر تھانے سے نکال دیا جس پر شباب ملی کے درجنوں کارکن مشتعل ہو کر ملتان روڈ پر جمع ہو گئے اور انہوں نے ایس ایچ او اور اہلکاروں کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔ اطلاع ملنے پر اقبال ٹاﺅن کے ایس پی ڈاکٹر اقبال نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جس پر مظاہرین نے مذکرات کرنے سے انکار کر دیا بعدازاں مذاکرات کامیاب ہونے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔
ملت پارک