جھنگ (نامہ نگار) پسند کی شادی پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا جبکہ مسجد سے گھر جاتے ہوئے نوجوان کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق موضع کوٹ دھراماں میںچار سال قبل ذوالفقار نامی شخص سے پسند کی شادی کرنے والی جواں سال دوشیزہ کلثوم بی بی کو اس کے بھائی نے اس کے گھر آ کر پسٹل سے فائر کر کے شدید زخمی کر دیا اور خود فرار ہو گیا ۔ کلثوم کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی اور ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ قتل کی دوسری واردات موضع سوبھاگہ میں ہوئی جہاں ملزم ظل حسنین نے 13سالہ لڑکے ناصر عباس کو اس وقت فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جب وہ نماز پڑھ کے مسجد سے گھر جا رھا تھا۔ ملزم کو شبہ تھا کہ مقتول ناصر عباس کے بڑے بھائی جاوید اقبال نے اس کی بہن مسماۃ نزہت کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کر رکھے تھے۔ پولیس نے دونوں واقعات کے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے ہیں۔