اجتماعی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر مہمند ایجنسی کے دو قبائل کی مراعات بند کر دی گئیں

پشاور (اے این این) مہمند ایجنسی میں پولیٹکل انتظامیہ نے اجتماعی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے اور شدت پسندوں کی نشاندہی نہ کرنے پر دو قبیلوں کی تمام مراعات بند کر دی ہیں۔حکام کے مطابق تحصیل یکہ غنڈ میں قاسم خیل قبیلے کے دو اقوام کڈو کور اور بھائی کور قبائل کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ فصلوں کی کاشت اور کٹائی پر بھی پابندی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔صحافی انور شاہ کے مطابق یہ فیصلہ تحصیل یکہ غنڈ میں پولیٹکل انتظامیہ اور قاسم خیل قبیلے کے درمیان ہونے والے ایک جرگہ میں ہوا جس میں اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نوید اکبر سمیت دیگر عہدیداروں اور قاسم خیل قبیلے کے مشیروں نے شرکت کی۔اس حوالے سے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نوید اکبر نے بتایا کہ علاقے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری ان لوگوں کی بنتی ہے کہ وہ شدت پسند اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔ان کے مطابق قاسم خیل قبیلے نے ایف سی آر قانون کے تحت اپنی اجتماعی ذمہ داریاں پوری نہیں کی ہیں اور تین ہفتے قبل دو سکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث مجرموں کی نشاندہی کی اور نہ ہی انھیں انتظامیہ کے حوالے کیا اس وجہ سے ان پر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اگر واقعے میں ملوث مجرموں کو انتظامیہ کے حوالے کیاجائے تو یہ پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن