وائس چیف آف دی ایئر سٹاف کی ملاقات، پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں پر قوم کو فخر ہے: شہباز شریف

Jun 29, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں وائس چیف آف دی ائیر سٹاف، پاکستان ائیرفورس، ائیر مارشل سعید خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی جرأت و شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل شاندار فورس ہے جس کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روزپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکو ایسا منفرد ادارہ بنایا جائے جس کا اسلامی تعلیمات کے فروغ اور ترویج میں کوئی ثانی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو صحیح معنوں میں علم و دانش کا گہوارہ ہونا چاہیے۔ ادارے کیلئے ایسے افراد کا انتخاب کیا جائے جو علم و فراست میں اپنی مثال آپ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزکا قیام سیرت النبیؐ اور قرآن پاک کی تعلیمات کے فروغ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ادارہ نبی ؐ پاک کے اسوہ حسنہ اور قرآن کی تعلیم و تحقیق کے حوالے سے بین الاقوامی سہولتوں کا حامل ہوگا۔ ادارے میں تحقیق اور پبلیکیشن پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ ادارے کو ڈیجیٹل نظام کے تحت چلایا جائے گا جو سو فیصد آئی ٹی بیسڈ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اور دیگر امور کیلئے جسٹس (ر) خلیل الرحمان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کمیٹیوں کیلئے بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کا انتخاب کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے یوم شہادت حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی ماہرین نے چنیوٹ رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کی بنیاد پر’’ بیس بزنس کیس‘‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے کہا کہ زمین میں چھپے خزانے کا تخمینہ لگانے کے لئے غیر ملکی ماہرین نے انتہائی محنت اور پیشہ وارانہ انداز سے کام کیا ہے اور وزیراعلی نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی ماہرین کی منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو انگریزی کا پرچہ آئوٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ آر پی او سرگودھا کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے 3 افراد کو پرچہ آئوٹ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا، جس پر پرچہ آئوٹ کرنے والے ملزمان گورنمنٹ ہائی سکول غازی آباد کے سینئر سبجیکٹ ٹیچر محمد عمران ، ایک اکیڈمی کے مالک نزاکت علی اورذکاء الرحمن گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان کے علاقہ ظاہر پیر میں 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یارخان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی اور لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر طارق مسعود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں