اسلام آباد (آئی این پی) فرانس اور پاکستان نے سکیورٹی، امیگریشن سمیت مختلف امور میںدو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہاہے کہ معلومات کے جلد تبادلے، امیگریشن سے متعلقہ معاملات کے حل، انسداد دہشت گردی، دہشت گردوں کی آمدورفت اور مالی معاونت کو روکنے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی اداروں کی استعدادِکار بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب ہائوس میں وزیر داخلہ اور فرانسیسی سفیر مس مارٹن ڈورنس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان، فرانس دو طرفہ تعلقات اور سکیورٹی سمیت مختلف امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان جاری تعاون کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف جنگ میں دنیا جتنی ایک دوسرے کے قریب آئے گی اتنا ہی فائدہ ہوگا‘‘۔