تل ابیب (اے ایف پی+ اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے الوداعی دورے پر اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا وہ امن کیلئے جراتمندانہ اقدامات کریں۔ انہوں نے حالیہ فلسطینی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی قرار دیا اور غزہ کے اسرائیلی محاصرے پر تنقید کی۔ انہوں نے دو ریاستی حل کے امکان کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ غزہ کا بھی دورہ کیا۔ فلسطینی کیمپ کے ایک سکول میں بھی گئے کہا غزہ کے 70فیصد لوگوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ تشدد بڑھکانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ 50فیصد نوجوانوں کیلئے روزگار نہیں۔ وہ فلسطینی صدر سے بھی ملیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے عالمی برادری سے فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔ تل ابیب یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے اور دونوں اقوام کے مل جل کر زندگی بسر کرنے والے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کرانے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے دونوں ممالک سے اپنے ہاں موجود انتہا پسند عناصر کو روکنے کی اپیل کی۔
اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات: بان کی مون نے فلسطینیوں کے حملوں کو دہشت گردی قرار دیدیا
Jun 29, 2016