لندن(سپورٹس ڈیسک) زیکا وائرس نے کھلاڑیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔ عالمی نمبر ایک گالفر جیسن ڈے نے بھی اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں شرکت نہیں کرون گا ‘فیملی سے مشاورت کر لی ہے جس کے بعدفیصلہ کیا ہے۔28سالہ گالفر نے کہا کہ فیملی میری پہلی ترجیح ہے ‘خود کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا ۔میرے دو بچے ہیں ‘مجھے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ خوش رہیں ۔روڑی میکلوری نے بھی اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ جنوبی افریقہ کے گالفر برینڈن گریس نے بھی زیکا وائرس کے خطرے کی وجہ سے اولمپکس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔گریس نے کہا کہ رواں سال نومبر میں شادی ہونی ہے اس لئے کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتا۔ اپنی صحت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ۔امیدہے اگلی بار گیمز کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائونگا۔چیک ریپبلک کے ٹینس سٹار ٹومس برڈچ نے زیکا وائرس کے خطرے کی وجہ سے رواں سال برازیل میں ہونے والے ریو اولمپکس گیمز میں شرکت غیر یقینی ہوگئی ہے۔ تیس سالہ سٹار نے کہا کہ میرے پلان میں اولمپکس گیمز شامل ہیں لیکن زیکا وائرس کی وجہ سے شرکت کا امکان بہت کم ہے ۔ فی الحال ومبلڈن اوپن ٹینس میں مصروف ہوں ۔