عید: پتنگ پکڑتے کرنٹ لگنے سے نوجوان ہلاک، گلے پر ڈور پھر گئی، بچے سمیت 2 زخمی

Jun 29, 2017

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) عید کے دنو ں میں شہر بھر میں پتنگ با زی عر وج پر رہی۔ پتنگ پکڑتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 30 سالہ نوجوان ہلاک، 10 سالہ بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے 48 پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید کے دنوں میں شہر بھر میں پتنگ بازی عروج پر رہی، عید کے پہلے دن شدید گرمی اور ہوا نہ چلنے کے باعث پتنگ بازی اتنی زیادہ نہیں ہوئی تاہم ٹرو اور مرو کو موسم خوشگوار ہونے پر شہری چھتوں پر چڑھ گئے اور خوب پتنگ بازی کی۔ شاہدرہ کے علاقہ میں عید کے روز 30 سالہ نوجوان افتخار کٹی پتنگ پکڑنے کیلئے بھاگ رہا تھا اس دوران دھاتی ڈوربندھی پتنگ بجلی کے تار سے جا ٹکرائی۔ افتخار کرنٹ لگنے سے جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔ اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ شادباغ کے علاقہ میں 10سالہ بچہ عمر گلے پر، لوئر مال کے علاقہ میں 25 سالہ سلیمان گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے شادباغ میں ڈور پھرنے سے دس سالہ بچے کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی مصری شاہ ذوالفقار بٹ اور ایس ایچ او شادباغ ابرار کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات افسوسناک ہیں۔

مزیدخبریں