دورہ ایف بی آر آفس‘ ٹیکس وصولی کا ہدف ہرحال میں حاصل کیا جائے: وزیر خزانہ

Jun 29, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ایف بی آر آفس کا دورہ کیا اور چیئرمین ایف بی آر اور ممبران کی محاصل کی وصولی سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال ٹیکس وصولی کا ہدف ہرحال میں حاصل کیاجائے ۔ ایف بی آر نے وزیرخزانہ کو ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ نے غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کے حوالے سے اقدامات کو سراہا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشا د خان نے کہا ہے رواں مالی سال میں 35 سو بلین روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں اب تک 32 سو بلین سے زائد ٹیکس وصولی کی جا چکی ہے جبکہ امید ہے کہ باقی ماندہ ٹیکس رواں ماہ کے آخر تک وصول کیا جائے گا ، ٹیکس چوری کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹیکس چوری پر قابو پایا گیا تو مزید نئے ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑیگی ۔بارڈر پر کسٹم ہائوس کے قیام سے ٹیکس ریکوری میں بہتری آئیگی۔ وہ گزشتہ روز چارسدہ میں ایف بی آر آفس کے نئی عمارت کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ڈائریکٹ ٹیکس بڑھیں گے تو اِن ڈائریکٹ ٹیکس میں عوام کو چھوٹ دینے کیلئے راہ ہموار ہوگی۔

مزیدخبریں