علی پور چٹھہ (نامہ نگار) علی پور چٹھہ کے علاقہ کوٹ رسولپوریاں میں 45 سالہ وحشی درندے نے 12سالہ معصوم پھول کے ساتھ زیادتی کر کے قتل کر دیا۔ راجباہ سے نعش برآمد کر لی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ کوٹ رسولپوریاں میں 45 سالہ مزارع محمد شفیق 20سال سے مقامی زمیندار کے ہاں ملازم تھا۔ وقوعہ کے روز وحشی درندہ محمد شفیق چند بچوں کو ڈیرہ پر لے گیا اور بعدازاں باقی ماندہ بچوں کو واپس بھیج دیا اور نیت میں شیطانی فتور آنے پر 12سالہ احمد فراز کے ساتھ زیادتی کر ڈالی اور پھر گلا دبا کر تھانہ کوٹ لدھے کے علاقہ پھیلوکی لین کے پاس راجباہ میں نعش پھینک دی۔ شک گزرنے پر والدین نے درندہ صفت شیطان شفیق کو پکڑ کر تھانہ علی پور چٹھہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ جہاں تفتیش کے بعد ملزم نے اپنا گھنائونا جرم تسلیم کر لیا۔ علی پور چٹھہ کے عوامی سماجی حلقوں نے اس المناک وقوعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دینے پر زور دیا ہے۔ علی پور چٹھہ کے محلہ کشمیریاں کے 15سالہ آصف عدنان عابد اپنے محلہ کے ہی 7سالہ ایاز آصف کو بہلا پھسلا کر نزدیکی ویران جگہ لے گیا اور اس سے زبردستی زیادتی کر ڈالی۔ والدین کی درخواست پر پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے آصف عدنان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔