اسلام آباد(آئی این پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ بولنے کی عادت سے مجبور ہیں ان کا مقصد صرف دوسروں پر الزام لگانا اور پگڑیاں اچھالنا ہے، عمران خان کا عدالتوں سے فرار حاصل کرکے احتساب کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے، عمران خان نے اداروں کو دبائو میں لانے کی ایک لہر شروع کردی ہے، قوم انہیں مسترد کرچکی ہے، شریف فیملی تمام تحفظات کے باوجود جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون کررہی ہے، عمران خان مریم نواز سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ ان کی بات کیے بغیر تقریر مکمل نہیں کرتے۔ عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی بات کا جواب دینا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ جس طرح کی کال کرکے 4 سال وہ قوم کو بے وقوف بناتے رہے ہیں۔ اور خود بنی گالہ میں ورزش کرنے بیٹھ جاتے ہیں۔ ان کو چاہئے تھا بہاولپور، پارا چنار اور کوئٹہ کی شہادتوں پر بات کرتے۔