لاہور (سپورٹس ڈیسک)آئیوری کوسٹ کے سابق فٹبالر ڈیڈیئر ڈروگبا نے کہا ہے کہ افریقن فٹبال ٹیموں نے ورلڈ کپ میں 36سالہ تاریخ میں بد ترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔1982ءکے بعد اب کی بدترین کارکردگی ہے ۔ افریقن فٹ بال فیڈریشن بہت پیچھے چلی گئی ہے ۔ مصر ‘مراکش ‘نائیجیریا ‘تیونس کے میگاایونٹ سے باہر ہونے کے بعد سینیگا ل سے توقع تھی کہ وہ آگے بڑھے گی مگر وہ بھی کولمبیا سے شکست کھاکر باہر ہوگئی ہے ۔ افریقن فٹبال ایک دن کامیاب ہو گا مگر اس کیلئے مقابلے کی فضا ءپیدا کرنی ہو گی ۔ کوئی بھی افریقن ٹیم ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے ۔ روس میں افریقن ٹیموں نے دو مقابلے جیتے اور دس میں ناکامی ہوئی ۔ اب بھی وقت ہے کہ افریقن ٹیمیں اور افریقن کنفیڈریشن نئی حکمت عملی تیار کریں اور سوچیں کہ کھیل کو آگے کیسے بڑھایا جا سکتا ہے ۔ اگلے ورلڈ کپ کیلئے کیا کرنا چاہیے۔صرف پیسوں سے کام نہیں بنتا ہے ۔ ہمیں یورپیئن اور جنوبی امریکی ٹیموں جیسا سٹرکچر تیار کرنا ہوگا۔