میانی صاحب اراضی رپورٹ پیش، ہائیکورٹ میں کامران لاشاری نے احاطہ خریدنے کا اعتراف کر لیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں میانی صاحب قبرستان اراضی پر قبضہ واگزار کروانے کے متعلق عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو شخص رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا اسے جیل میں ڈال دیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی، کمرہ عدالت میں ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے احاطہ خریدنے کا اعتراف کر لیا۔ کامران لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے عدالتی حکم کی تعمیل کی اور کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی ہے سب کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ عدالتی حکم پر 485 احاطہ مسمار کر دئیے گئے۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے قرار دیا کہ جو افراد احاطہ مسمار کرنے میں رکاوٹ پیدا کریں ان کو جیل میں ڈالیں اور ان افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔ عدالت نے احاطے مسمار کرنے کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن