لاہور (خصوصی رپورٹر) حمزہ شہبازشریف کے حلقہ این اے 124 میں مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔ بھاٹی گیٹ میں تقریب میں کارکنوں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ کارکن نوازشریف‘شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ میاں عثمان اور چودھری عامر صدیق کی قیادت میں کارکنوں نے اندرون شہر اور مختلف شاہراﺅں پر ریلی نکالی۔ حمزہ شہباز کے کارکنوں سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ 5 برسوں میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد پنجاب اور خیبر پی کے کے مابین کوئی موازنہ نہیں، ریکارڈ ترقی کے مقابلے میں جھوٹے وعدوں اور دھول اڑانے کی کوئی اہمیت نہیں۔ تحریک انصاف نے اپنے ہی کارکنوں سے ناانصافی کی اور پی ٹی آئی ورکرز اپنے حق کیلئے بنی گالہ کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔ زرداری نے بھی جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی کی حالت یہ ہے کہ ان سے آج پارٹی ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے کریڈٹ پر لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرنے سے لیکر اقتصادی راہداری جیسے وہ منصوبے ہیں جنہوں نے پاکستان کی حالت تبدیل کردی ہے۔ عوام کسی ڈرامے بازی اور جھوٹ کو نہیں کارکردگی کو اہمیت دیتے ہیں اور عوامی عدالت سے کامیاب ہونے کیلئے لوگوں کی خدمت کرنی پڑتی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ انشاءاللہ 25 جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا اور عوام دھڑا دھڑ شیر پر مہر لگا کر ثابت کرینگے کہ مستقبل مسلم لیگ(ن) کا ہے۔
حمزہ شہباز
پنجاب‘ خیبر پی کے کا کوئی موازنہ نہیں‘ ریکارڈ ترقی جیتے گی: حمزہ شہباز
Jun 29, 2018