امریکہ بھارت کیساتھ بدستور ناراض‘ مذاکرات سے دوسری بارانکار کر دیا

نئی دہلی، واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ صباح نیوز) ایران سے تیل خریدنے اور روس سے ایس400 میزائل سسٹم خریدنے پر ناراض ہوکر امریکہ نے بھارت کے ساتھ 6جولائی کو ہونے والے ٹو پلس ٹو مذاکرات سے دوسری بار انکار کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو فون کرکے مذاکرات سے انکار کیا اور مذاکرات کی نئی تاریخ دینے سے بھی معذرت کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت ایران کے ساتھ تیل کی تمام درآمدات روکنے کا امریکی مطالبہ ماننے کو تیار نہیں جبکہ بھارت کا روس کے ساتھ میزائل دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ بھی بھارت‘ امریکہ روابط میں بڑھتی ہوئی سرد مہری کی ایک وجہ ہے۔ امریکہ بھارت سے ایرانی تیل اور دیگر تمام مطالبات نہ ماننے پر ناراض ہے۔ بھارت نے امریکی ٹیرف کے ردعمل میں 29 امریکی اشیاءپر اضافی ٹیرف کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب امریکہ نے بھارت کے ساتھ مذاکرات ملتوی کیے۔ رواں سال مارچ میں بھی بھارت سے مذاکرات ملتوی کیے گئے تھے جب اس وقت وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کو ان کے عہدے سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تجارتی معاملات میں بھی دونوں ممالک میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت امریکہ ترجیحات میں شامل نہیں جس کا فوکس روس اور شمالی کوریا پر ہے۔ بھارت سے مذاکرات ملتوی کرنے کی ایک ممکنہ وجہ 15جولائی کو ٹرمپ پیوٹن ملاقات ہوسکتی ہے جو ہیلیسینکی یا ویانا میں ہوگی۔ادھر امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے امریکی فورسز کی جانب سے کالعدم تحریک پاکستان طالبان کے سربراہ ملافضل اللہ کی ہلاکت پر پاکستان کو احساس دلایا دیا کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ختم کرنے میں واشنگٹن کا کلیدی کردار رہا۔عندیہ دیا کہ پاکستان سے امن مذاکرات میں مزید پیش رفت کے لیے امریکی وفد بھیجا جائے گا۔پینٹاگون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ امریکی فورسز نے فضل اللہ کو نیست و نابود کیا ہے۔ جم میٹس نے ناصرف فضل اللہ کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کی تصدیق کی بلکہ یہ بھی وضاحت کی کہ امریکہ کے لیے یہ عمل کتنا ضروری تھا۔دوسری جانب واشنگٹن میں سفارتی مبصرین کا خیال ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گرد کو ہلاک کرکے اسلام آباد پر احسان جتایا ہے تاکہ پاکستان بدلے میں افغانستان میں امن مذاکرات کے آغاز میں امریکی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔میٹس نے کہا میں ایک مرتبہ سوات گیا، وہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ دنیا کے کسی خطے میں اس جیسا حسن نہیں ملے گا، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں۔ فضل اللہ نے خطے کو جہنم میں بدل دیا تھا لیکن پھر پاکستان آرمی نے سوات کو دہشت گردوں سے پاک کیا جنہوں نے اپنی رٹ برقرار رکھنے کے لیے لوگوں کی گردنیں اڑائیں۔جیمز میٹس نے بتایا ملالہ یوسفزئی پر حملے میں فضل اللہ شامل تھا۔
انکار/ میٹس

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...