اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی آئی اے کے گذشتہ 10 سال کے سپیشل آڈٹ کا حکم دے دیا جبکہ شجاعت عظیم اور سابق ایم ڈی اسلم آغا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کو عارضی طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں پی آئی اے کے طیاروں پر پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مارخور کی تصویر لگانے کی بجائے باتھ رومز کو بہتر کریں، اس کیس میں مداخلت کا مقصد پی آئی اے کے خسارے کی وجوہات جاننا ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا پسند ناپسند کے باعث ادارے کو نقصان پہنچا جو لوگ ذمہ دار ہیں انہوں نے ہاﺅسنگ سوسائٹیاں اور فارم ہاﺅس بنارکھے ہیں، پی آئی اے کی انتظامیہ مضبوط ہاتھوں میں ہونی چاہئے ۔ اور فیصلہ ہونے تک کنٹریکٹ پائلٹس کے علاوہ پی آئی اے میں بھرتیوں اور برخاستگی پر پابندی برقرار رکھی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ہفتے تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ میں راولپنڈی کے ہسپتالوں کی تعمیر سے متعلق شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے اتوار کو سیکرٹری کیڈ اور متعلقہ ٹھیکیدار کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا 80فیصد کام مکمل ہوچکا، باقی 20فیصدکب مکمل ہوگا عدالت کو بتایا جائے۔ سپریم کورٹ میں گن اینڈ کنٹری کلب کو غیرقانونی طور پر اراضی لیز پر دینے اور وہاں شادی ہال قائم کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے شادی ہال قائم کرنے والی نجی کمپنی کو نوٹس جاری کردےا جبکہ کمپنی کی جانب کیئے گئے سول مقدمہ (حکم امتناعی) کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔عدالت نے کلب کی انتظامیہ اورجن کو ممبر شپ دی گئی ان ممبران کی تفصیلات سے متعلق ریکار بھی طلب کرلےا ہے ۔